حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تفرقہ بازی اور انتشار کو شکست دینے کے لیے باہمی احترام انتہائی ضروری ہے۔ ایک دوسرے کے عقائد کو نشانے بنانے کا مقصد اسلام دشمن قوتوں کو تقویت دینا ہے۔ حسینیت حق کے لیے ڈٹ جانے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کی یزیدیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہی حسینیت ہے۔امام عالی مقام یہ کہہ کر کہ مجھ جیسا اس(یزید) جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا قیامت تک کے مسلمانوں کو درس دے دیا ہے کہ جب بھی طاغوتی طاقتیں تمھیں جھکانے کی کوشش کریں تمھارا انکار تمھارے حسینی ہونے کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل،امریکہ اور ان کی غلام عرب ریاستیں وقت کے شیطانی پیروکار ہیں۔ہمیں اس عالم استکبار کے خلاف اپنی آواز ہمیشہ بلند رکھنی ہے۔حسینی جذبوں کو طاقت سے کبھی مغلوب نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عزاداری کے پروگراموں میں ایس او پیز پر عمل کر کے عزاداروں کی صحت کو محفوظ بنایا جائے علما و ذاکرین اپنے خطابات میں اتحاد و اخوت پر زور دیں تاکہ تفرقہ پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔